چترال: کرپشن اور ٹمبر مافیا کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی تحریک کا اعلان، 20 فروری کو جلسہ عام کا فیصلہ

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) جماعت اسلامی چترال لوئر کی ضلعی شوریٰ کا اہم اجلاس امیر ضلع وجیہ الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع میں جاری مبینہ کرپشن، ترقیاتی فنڈز میں خرد برد اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف سخت قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتظامی بدعنوانی اور عوامی حقوق کی مبینہ پامالی کے خلاف 20 فروری بروز جمعہ اتالیق پل، چترال بازار میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ کرپشن کا ناسور سرکاری اداروں کو کھوکھلا کر رہا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، بیوٹی فیکیشن منصوبوں اور منتخب نمائندوں کی اے ڈی پی اسکیموں کے لیے مختص فنڈز پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عملی کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ شوریٰ کے مطابق محض چند افسران کی معطلی یا تبادلہ کافی نہیں بلکہ شفاف اور جامع انکوائری کے ذریعے ذمہ داران کا تعین کر کے لوٹی گئی رقم کی ریکوری اور تمام فنڈز کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔

اجلاس میں ارندو گول سمیت دیگر مقامات پر اربوں روپے مالیت کی لکڑی کی مبینہ غیر قانونی کٹائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اس قومی اثاثے کو ٹمبر مافیا کے حوالے کرنے کے بجائے سرکاری تحویل میں لے کر اس کی آمدن مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔ مزید کہا گیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات سنجیدہ نوعیت کی ہیں اور ان پر حکومتی خاموشی باعثِ تشویش ہے۔

شوریٰ کے شرکاء نے الزام عائد کیا کہ صوبائی سطح پر کرپشن کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی اور بااثر عناصر کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے۔

ضلعی قیادت نے اعلان کیا کہ مبینہ بدعنوانی کے خلاف عوامی مہم کا آغاز 20 فروری کو چترال بازار میں جلسہ عام سے کیا جائے گا، جس کے بعد ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *